Breaking News
Home / خبریں / پاک انڈیا / مقبوضہ کشمیر : بھارتی فورسز کی فائرنگ‘ دھماکہ‘ 9 کشمیری شہید
مقبوضہ کشمیر : بھارتی فورسز کی فائرنگ‘ دھماکہ‘ 9 کشمیری شہید

مقبوضہ کشمیر : بھارتی فورسز کی فائرنگ‘ دھماکہ‘ 9 کشمیری شہید

Oct 22, 2018

پسرور/ لاہور/ سرینگر / اسلام آباد (سٹاف رپورٹر/ نامہ نگار/ خصوصی نامہ نگار/ ایجنسیاں) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت جاری ہے۔ گزشتہ روز بھی کولگام میں نہتے مظاہرین پر فائرنگ اور احتجاجی مظاہرے کے دوران دھماکے میں 9 کشمیری شہید ہو گئے جبکہ جھڑپ میں 3 بھارتی فوجی اہلکار ہلاک ہو گئے۔ پلوامہ میں دستی بم حملے میں 2 بھارتی اہلکار زخمی ہو گئے۔ مقبوضہ کشمیر میں ڈھونگ انتخابی ڈرامے میں کانگریس، بی جے پی کا صفایا ہو گیا۔ بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول کے قریب سندربانی سیکٹر میں 2کشمیری نوجوانوں کو پاکستانی درانداز قرار دیکر شہید کردیا۔ کشمیری مسلمانوں کی شہادتوں کی خبر جنگل میں آگ کی طرح وادی میں پھیل گئی جس کی وجہ سے وادی میں شدید احتجاج شروع ہوگیا اور کشمیری مردوخواتین ہزاروں کی تعداد میں سڑکوں پر آگئے۔ انہوں نے بھارتی قابض فوج کے خلاف شدید احتجاج کیا۔ جواب میں بھارتی فوج نے ان پر آنسو گیس کے شیل پھینکے، لاٹھی چارج کیا اور سیدھی فائرنگ کی جس سے مزید متعدد کشمیری زخمی ہو گئے کولگام میں نوجوانوں نے پتھر پھینک کر کٹھ پُتلی ریاستی پولیس کو بے بس کردیا جبکہ فوجیوں کو بھی پسپائی پر مجبور ہونا پڑا۔ اس موقع پر بھارتی فوجیو کشمیر چھوڑ دو، نعرہ تکبیر اللہ اکبر، ہم چھین کے لیں گے آزادی، میرے مولا دے دے آزادی، ہم نہیں مانتے ظلم کے یہ ضابطے، قاتل قاتل بھارت قاتل، کشمیر بنے گا پاکستان کے فلک شگاف نعرے لگائے گئے۔ ادھر حریت کانفرنس اور علیحدگی پسند جماعتوں کے قائدین سید علی شاہ گیلانی، میر واعظ عمر فاروق، یاسین ملک اور مختلف بھارتی فوج کی بربریت پر شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کشمیر سے اپنی فوج نکال لے۔ حریت قیادت نے آج وادی میں مکمل ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔ وفاقی وزیر اُمور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈاپور نے مقبوضہ کشمیر کے علاقے ضلع کلگام میں بھارتی فوج کی جانب سے کشمیری نو جوانوں کو شہید کرنے کے واقعہ کی شدید الفاظ میں مزمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت طاقت کے نشے میں چور کشمیروں پر بدترین تشدد ڈھا رہا ہے جس کا عالمی برادری کو فوری نوٹس لینا چاہئے۔ مظاہرے کے دوران دھماکے سے 5 کشمیری شہید ہو گئے۔ بے گناہ نوجوانوں کی شہادت پر کشمیریوں کی بڑی تعداد گھروں سے نکل آئی اور ریاستی دہشتگردی کے خلاف احتجاج کیا۔ قابض فوج نے احتجاج کو کچلنے کےلئے نہتے مظاہرین پر گولی چلادی جس کے نتیجے میں50 سے زائد مظاہرین زخمی ہو گئے۔ جس میں 4نے ہسپتال جاکر دم توڑ دیا۔ کٹھ پتلی انتظامیہ نے کشمیریوں کو رابطے سے روکنے کے لیے فون، انٹرنیٹ سروسز معطل کر دیں۔ علاوہ ازیں پلوامہ کے علاقے پٹن میں نامعلوم افراد نے بھارتی فوج پر دستی بم سے حملہ کیا جس سے 2 فوجی زخمی ہو گئے۔ تحریک حریت جموں کشمیر کے رہنما محمد اشرف صحرائی نے پلوامہ میں بھارتی فوج کے ہاتھوں حاملہ کشمیری خاتون کی شہادت پر کہا بھارتی حکومت نے کشمیریوں کو شہید کرنے اور ان کی املاک کو نقصان پہنچانے کے لیے اپنے فوجیوں کو کھلا چھوڑ دیا ہے۔ دریں اثناء شادی مرگ پلوامہ میں فوج کی فائرنگ سے شہید ہونے والی حاملہ خاتون کو سپرد خاک کر دیا گیا ہے۔ مشترکہ حریت قیادت سید علی گیلانی، میرواعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک نے شادی مرگ پلوامہ میں گولیوں کے تبادلے کے دوران ایک جواں سال حاملہ خاتون فردوسہ اہلیہ خورشید احمد شیخ کو بے دردی سے شہید کر دینے کے سانحہ کیخلاف سخت غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے اسکی پر زور مذمت کی ہے۔ قائدین نے کہا کہ یہ ایک حد درجہ المناک اور تکلیف دہ واقعہ ہے۔ دریں اثناءلبریشن فرنٹ چیئرمین محمد یاسین ملک اور نور محمد کلوال کو پولیس حراست سے رہا کر دیا گیا۔ دوسری جانب مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے الیکشن ڈرامے کے ابتدائی نتائج جاری کر دئیے گئے ہیں جن کے مطابق وادی سے بی جے پی اور کانگرس کا سیاسی جنازہ نکل گیا، آزاد امیدواروں نے میدان مار لیا۔ پی ڈی پی اور نیشنل کانفرنس کے بائیکاٹ کے باوجود وادی میں بھارتی جماعتوں کو پذیرائی نہ ملی، جموں میں بھاجپا کو اکثریت، لداخ میں کانگرس کا کلین سویپ ہوگیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق رادی کے بلدیاتی انتخابات کی کاﺅٹنگ کے دوران چونکا دینے والے نتائج سامنے آگئے جہاں لیہہ میں بھاجپا کو بھاری شکست ہوئی وہیں جنوبی کشمیر میں بھاجپانے سب کو پیچھے چھوڑ دیاجبکہ سرینگر میونسپل کارپوریشن پر آزاد امیدواروں کی بھاری تعداد کامیاب ہوئی ہے۔ حریت رہنما میر واعظ عمرفاروق نے اپنے ٹوئٹ میں کشمیری نوجوانوں کی شہادت کی مذمت کی ہے۔ حریت رہنما نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کا ضلع کلگام کربلا کا منظر پیش کررہا ہے۔ آخر کب تک کشمیریوں کا خون بہایا جائے گا۔ آٹھ نوجوانوں کی شہادت انسانیت کو جھنجھوڑنے کیلئے کافی ہے۔ دریں اثناءپاکستان نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل نے اپنے ٹوئٹ میں کہا ہے کہ پلوامہ میں بھارتی تشدد سے حاملہ خاتون شہید ہوگئی۔ کلگام میں بھارتی فورسز نے ایک شہری شہید کر دیا۔ مقبوضہ کشمیر میں فون اور انٹرنیٹ سروس معطل ہے۔ امیر جماعة الدعوة پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے مقبوضہ کشمیر میں 11 کشمیریوں کو شہید اور بیسیوں افراد کو زخمی کئے جانے پر شدید ردعمل ظاہرکیا اور کہا ہے کہ مودی سرکار نہتے کشمیریوں کی نسل کشی کی نئی تاریخ رقم کر رہی ہے۔ ڈھونگ الیکشن کے نام پر بھارت نے کشمیر میں اپنی فوج میں مزید اضافہ کیا اور اب روزانہ نام نہاد سرچ آپریشن کے بہانے کشمیریوں کا خون بہایا جا رہا ہے۔ حکومت پاکستان کو چاہئے کہ وہ بھارتی ریاستی دہشت گردی کے خلاف بھرپور آواز بلند کرے اور بین الاقوامی سطح پر بھارتی ریاستی دہشت گردی کو بے نقاب کیا جائے۔ جمعیت علماءاسلام کے سر براہ متحدہ مجلس عمل کے صدرمولانا فضل الرحمن نے مقبوضہ کشمیر کے ضلع گلگام میں نہتے کشمیریوں پر ہونے والے بھارتی مظالم کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے کھلی دہشت گردی قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ بھارت آئے دن کشمیری عوام پر گولیاں برسا کر ان کی تحریک دبانے کی کوششیں کر رہا ہے لیکن اس کی تمام تر سازشوں کے باوجود تحریک مزیدزور پکڑ رہی ہے، پاکستانی قوم مسئلہ کشمیر پر واضح اور دوٹوک مو¿قف رکھتی ہے اور دنیا پاکستان کے مو¿قف کو سمجھے، بین الاقوامی طاقتیں سی پیک کےخلاف سازشیں کر رہی ہیں لیکن جے یو آئی اورپوری قوم ان سازشوں کو کامیاب نہیں ہونے دے گی وہ پارٹی رہنماﺅں مولانا محمد یوسف، مولانا محمد امجد خان، حافظ حسین احمد، محمد اسلم غوری، حاجی شمس الرحمن شمسی، مفتی ابرار احمد اور وفود سے گفتگو کر رہے تھے۔ مولانا فضل الرحمن نے کہاکہ آج مقبوضہ کشمیر کے ضلع گلگام میں خون کی ہولی کھیلی گئی ہے عالمی دنیا کو اس بات کا ایکشن لینا چاہئے۔ چیئرمین پی پی بلاول بھٹو نے مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیریوں پر مظالم کی مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہاکہ عالمی برادری نے کشمیر میں مظالم پر چپ سادھ رکھی ہے۔ مودی سرکار نہتے کشمیریوں کا قتل عام کر رہی ہے۔ عالمی ادارے انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں روکنے کیلئے بھارت پر دباﺅ ڈالیں۔ کشمیریوں کی ٹارگٹ کلنگ پر پاکستان نے اقوام متحدہ کا کمشن آف انکوائری بنانے کا مطالبہ کر دیا ہے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پتہ چلنا چاہئے کہ بھارت اپنے غاصبانہ قبضے کے لئے انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیاں کر رہا ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت کشمیر میں طاقت کے ذریعے زیادہ دیر تک قابض نہیں رہ سکتا، کشمیری آزادی سے کم کسی سمجھوتہ کے لئے تیار نہیں ہیں۔ وزیرِ خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت نے اپنے طرز عمل سے ثابت کیا کہ وہ مذاکرات سے گریزاں ہے، مودی سرکار نے علاقائی امن پر اپنی داخلی سیاست کو ترجیح دی۔ پاکستان مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کے لئے سنجیدہ مذاکرات کے لئے تیار ہے، عالمی برادری بھارت کا ہاتھ روکے اور اسے مذاکرات پر مجبور کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ کشمیر جنوبی ایشیا کا سلگتا مسئلہ ہے جسے طاقت سے دبایا نہیں جا سکتا، کشمیریوں نے اپنی پرامن جدوجہد سے ثابت کیا کہ وہ پیچھے ہٹنے کو تیار نہیں ہیں۔ موجود حکومت مسئلہ کشمیر پر سنجیدہ اور یکسو ہے، ہم اپنا بنیادی اور اصولی کردار ادا کرتے رہیں گے۔رہنما مسلم لیگ (ن) ایاز صادق اور خواجہ آصف نے کشمیریوں پر بھارتی مظالم کی مذمت کی ہے۔ ایاز صادق نے کہا ہے کہ بھارتی مظالم کیخلاف قرارداد اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کرائیں گے۔ وزیراعظم کشمیریوں کے قتل عام پر خاموشی توڑیں ، او آئی سی کا ہنگامی اجلاس طلب کیا جائے۔ کشمیریوں پر ظلم و بربریت کیخلاف عالمی سطح پر آواز اٹھائی جائے۔ خواجہ آصف نے کہا ہے کہ حکومت کو عالمی سطح پر مسئلہ کشمیر اجاگر کرنا چاہئے۔ نہتے کشمیریوں کے قتل عام پر عالمی خاموشی مجرمانہ ہے۔ دوسری طرف مقبوضہ کشمیر کے انتخابات میں عالمی سطح پر کم سے کم ووٹ حاصل کرنے کا نیا ریکارڈ قائم ہو گیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے ڈھونگ بلدیاتی انتخابات کا 95-73فیصد کشمیری عوام نے بائیکاٹ کیا ایک امیدوار تین ووٹ اور بارہ مولہ میں ایک امیدوار ایک ووٹ لیکر جیتا۔ سرینگر میں کوئی امیدوار اپنے آپ کو بھی ووٹ ڈالنے نہ آیا، مقابلہ صفر، صفر سے برابر ہو گیا۔ کشمیریوں نے واضح بائیکاٹ کرکے بھارت اور دنیا بھر کو اپنا فیصلہ سنا دیا ہے۔

About Editor

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

*