Breaking News
Home / خبریں / پاکستان / داعش جیسی تنظیمیں گمراہی کے سبب جنم لیتی ہیں۔امیرجماعة الدعوة
داعش جیسی تنظیمیں گمراہی کے سبب جنم لیتی ہیں۔امیرجماعة الدعوة

داعش جیسی تنظیمیں گمراہی کے سبب جنم لیتی ہیں۔امیرجماعة الدعوة

لاہور.امیرجماعة الدعوة حافظ محمدسعید نے کہاہے کہ ملک دشمن عناصر کی پاکستان کیخلاف سازشیں دم توڑ رہی ہیں۔بلوچستان کے جن علاقوں میں پاکستان مخالف نعرے لگتے تھے آج وہاں پاکستان زندہ باد ریلیاں نکل رہی ہیں۔وطن عزیز سے صوبائی عصبیت ،لسانیت اور فرقہ واریت کی برائیاں ختم ہونی چائیں۔تھرپارکر،سندھ،بلوچستان اور جنوبی پنجاب میں فلاح انسانیت فاونڈیشن عوامی فلاح وبہبود کے سینکڑوں پراجیکٹس پر کام کررہی ہے۔کارکنان و ذمہ داران دعوت دین ،عوامی خدمت اور فلاح وبہبود کے منصوبوں کو آگے بڑھائیں۔وہ جماعةالدعوة کے زیر اہتمام مرکز سعد بن ابی وقاص نزد چوک کچہری ملتان میں جنوبی پنجاب کے تمام اضلاع کے ضلعی،تحصیلی و شعبہ جاتی ذمہ داران کے اجتماع سے خطاب اور بعدازاں شمس آباد کالونی ملتان میں فلاح انسانیت فاونڈیشن کے 50بیڈ کے نئے زیرتعمیر ہسپتال کا جائزہ لینے کے بعد گفتگو کررہے تھے۔اس موقع پر مسﺅل جماعة الدعوة ملتان میاں سہیل احمد،پروفیسرڈاکٹر منصور علی خان،پروفیسر ڈاکٹر عثمان علی خان،پروفیسرڈاکٹر محمد سلیم،سیف اللہ،ابوہریرہ،رانا عمرفاروق،قاری محمدافضل،رانا نصراللہ ،مفتی زبیر احمد ،یاسر سلیم ودیگر موجود تھے۔حافظ محمدسعیدنے گفتگو کرتے ہوئے کہ صوبائی عصبیت اور لسانیت کی بنیاد پراب بھی سازشیں ہورہی ہیں۔بعض لوگ انڈیا سے تنخواہ لیکر پاکستان کیخلاف سازشیں کررہے ہیں۔ مغربی این جی اوز رفاہی سرگرمیوں کی آڑ میں اپنے ناپاک عزائم کی تکمیل کے لیے کوشاں ہیں۔انسانیت کی خدمت سے انتشار اور فرقہ واریت ختم کرنے میں مددملتی ہے۔ رفاہی میدان میں سرگرمیوں سے ہی ملک دشمن قوتوں کا راستہ روکا جاسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ مسلمان رفاہی میدان میں پیچھے رہیں گے تو مغربی این جی اوز کو کھل کھیلنے کا موقع ملے گا۔ جماعة الدعوة اور فلاح انسانیت فاونڈیشن ملک بھر میں رفاہِ عامہ کے لیے نچلی سطح تک منظم نیٹ ورک تشکیل دے رہی ہے۔حافظ محمدسعید کا خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ فرقہ واریت اور سیکولرازم نے مسلمانوں کی اجتماعیت کو سب سے زیادہ نقصان پہنچایا ہے۔ داعش جیسی تنظیمیں گمراہی کے سبب جنم لیتی ہیں۔کارکنا ن و ذمہ داران امت کی رہنمائی نہیں کریں گے تو باطل گروہ اسلام کا چہرہ مسخ کرتے رہیں گے۔ قرآن و سنت کی بنیاد پر تعلیم و تربیت سے معاشرے کی اصلاح ہوگی۔ علماءکرام اتحاد امت کی خاطر فرقہ وارانہ تفریق کا خاتمہ کرکے مسلم امہ کو کتاب و سنت پر جمع کریں۔ میدانِ عمل میں کردار ادا کرنے سے ہی آج کے فتنوں اور گمراہیوں کے سلسلوں کا راستہ روکا جاسکتا ہے۔انہوں نے کہاکہ نبی اکرم ﷺ نے جس طرح نماز، روزہ اور حج جیسی عبادات کی عملی شکل سمجھائی اسی طرح سیاسی و معاشی نظام بھی قائم کر کے دکھائے ہیں۔ ایسے وقت میں جب مسلمانوں کو درپیش مسائل حل نہیں ہو رہے تو انہیں سچی توبہ کر کے سیرت رسول ﷺ سے رہنمائی لینا اور دین اسلام کی طرف واپس پلٹنا ہو گا۔ ایسا کئے بغیر کوئی مسئلہ حل نہیں ہو گا۔ جب تک مسلم حکمران کفار کی غلامیوں میں مبتلا رہیں گے وہ الجھتے جائیں گے۔پریشانیاں بڑھتی جائیں گی اورمسلمان ملکوں میں خوف و دہشت کی کیفیت ختم نہیں ہو گی۔انہوںنے کہاکہ اسلام امن و سلامتی کا دین ہے‘ اس کا دہشت گردی سے کوئی تعلق نہیں۔مسلمان ملکوں میں تخریب کاری و دہشت گردی بیرونی قوتیں کروارہی ہیں۔ کلمہ طیبہ کی بنیاد پر حاصل کئے گئے پاکستان کااستحکام بھی اسلامی شریعت کے نفاذ میں ہے۔

About Editor

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

*