Breaking News
Home / خبریں / بھارتی تحقیقاتی ادارے این آئی اے کی کشمیری قائدین کیخلاف دس ہزار صفحات پر مشتمل چارج شیٹ تیار ‘ عدالت کے ذریعہ سخت سزائیں دلوانے کی منصوبہ بندی
بھارتی تحقیقاتی ادارے این آئی اے کی کشمیری قائدین کیخلاف دس ہزار صفحات پر مشتمل چارج شیٹ تیار ‘ عدالت کے ذریعہ سخت سزائیں دلوانے کی منصوبہ بندی

بھارتی تحقیقاتی ادارے این آئی اے کی کشمیری قائدین کیخلاف دس ہزار صفحات پر مشتمل چارج شیٹ تیار ‘ عدالت کے ذریعہ سخت سزائیں دلوانے کی منصوبہ بندی

لاہور( پاک میڈیا اپ ڈیٹس ڈاٹ کام)بھارتی تحقیقاتی ادارے این آئی اے نے پاکستان سے مبینہ فنڈنگ کیس کے تحت گرفتار کشمیری قائدین کیخلاف 10ہزار سے زائد صفحات پر مشتمل چارج شیٹ تیار کی ہے اور عدالت میں چالان پیش کر کے انہیں سخت سزائیں دلوانے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔ آنے والے دنوں میں انہی الزامات کے تحت کشمیریوں کے نمائندہ فورم حریت کانفرنس پر پابندیاںلگانے کی بھی منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔ اس امر کا انکشاف امور کشمیر سے متعلق خصوصی تحریریں لکھنے والے کالم نگار حبیب اللہ قمر نے مقامی اخبار میں شائع ہونے والے ایک نئے انکشاف انگیز مفصل آرٹیکل میں کیا ہے۔ حریت کانفرنس کیخلاف نئی سازشوں کے حوالہ سے اپنی خصوصی تحریر میں انہوںنے لکھا ہے کہ بھارتی ٹی وی چینلز کی جانب سے سازش کے تحت حریت لیڈروں کیخلاف پاکستان سے رقوم وصول کرنے، سنگباز تیار کرنے اورکشمیریوں کے واٹس ایپ گروپوں کے مبینہ طور پر پاکستان سے کنٹرول کرنے کا جھوٹا پروپیگنڈا کر کے ایک خاص ماحول بنایا جارہا ہے تاکہ کشمیری قائدین کیخلاف کاروائی میں آسانی رہی۔ بھارتی تحقیقاتی ادارے این آئی اے نے دس ہزار صفحات پر مشتمل چارج شیٹ کو ہندوستانی وزارت داخلہ کی منظوری سے مشروط کرتے ہوئے کہا ہے کہ جیسے ہی اسے اجازت ملے گی وہ باقاعدہ عدالت میںا س سلسلہ میں چالان پیش کر دیں گے۔اسی سلسلہ میں بزرگ کشمیری قائد سید علی گیلانی کوپندرہ برس پرانے مقدمہ میں نوٹس بھجواتے ہوئے نئی دہلی طلب کیا گیا ہے جس پر کشمیری جماعتوںنے شدید احتجاج کیا ہے۔ حبیب اللہ قمر نے اپنی خصوصی رپورٹ میںلکھا ہے کہ ہندوستانی تحقیقاتی ادارے این آئی اے نے یہ دعویٰ بھی کیا ہے کہ اس نے وزارت خزانہ اور دیگر کئی محکمہ کے ذمہ داران کی خدمات حاصل کیں اور ایک سو سے زائد گواہوں کے بیانات قلمبند کئے جس کے بعد یہ چارج شیٹ تیار کی گئی ہے۔ بھارتی ٹی وی چینلز بھی اس وقت مسلسل زہر اگل رہے ہیں کہ این آئی اے کو کشمیری لیڈروں کے پاکستان سے رابطوں اور مبینہ فنڈنگ کے حوالہ سے ایسے اہم ثبوت ملے ہیں کہ جن سے پتہ چلتا ہے کہ کشمیری قائدین مقبوضہ کشمیرکا امن و امان خراب کر رہے تھے اور ان ثبوتوں کی بنیاد پر گرفتار کئے گئے علیحدگی پسند لیڈروں کو سخت سزائیں دلوائی جاسکتی ہیں۔ مقامی اخبار میں شائع ہونے والے اپنے آرٹیکل میں کالم نگار حبیب اللہ قمر نے لکھا ہے کہ بھارت سرکار کشمیری قوم کے نمائندہ فورم حریت کانفرنس کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن کی تیاری کر رہی ہے اور آنے والے دنوں میں حریت کانفرنس پر پابندیاں لگا نے سے متعلق بھی سازشیں کی جارہی ہیں تاکہ جدوجہد آزادی کشمیر میں مضبوط و موثر کردار ادا کرنے والے سب سے مضبوط و موثر فورم کوختم کیا جاسکے۔ یاد رہے کہ حریت قائدین بھی متعدد مرتبہ یہ بات کر چکے ہیں کہ بھارتی حکومت این آئی اے کو حریت قائدین کیخلاف جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہی ہے اور یہ کہ انہیں بلا جواز اور جھوٹے مقدمات میں پھنساکر تحریک آزادی کو بین الاقوامی سطح پر بدنام کرنے کی مذموم سازشیں کی جارہی ہیں۔

About Editor

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

*