Breaking News
Home / خبریں / پاکستان / تحفظ بیت المقدس کانفرنس کے بعد ملک بھر میں بھر پور تحریک چلائیں گے.دفاع پاکستان کونسل
تحفظ بیت المقدس کانفرنس کے بعد ملک بھر میں بھر پور تحریک چلائیں گے.دفاع پاکستان کونسل

تحفظ بیت المقدس کانفرنس کے بعد ملک بھر میں بھر پور تحریک چلائیں گے.دفاع پاکستان کونسل

لاہور( )دفاع پاکستان کونسل کے قائدین نے کہا ہے کہ آج جمعہ کو تحفظ بیت المقدس کانفرنس کے بعد ملک بھر میں بھر پور تحریک چلائیں گے۔سات جنوری کو پشاور،بارہ جنوری کو فیصل آباد میں جلسہ ہو گا۔13جنوری کو لاہور میں آل پارٹیز کانفرنس ہو گی۔اکیس جنوری کو ملتان،اٹھائیس جنوری کو کراچی،چار فروری کو اسلام آبا دا ور پانچ فروری کو مظفر آباد میں دفاع پاکستان کونسل کے جلسے ہوں گے۔محب وطن جماعتوں سے رابطوں کے لیے سات رکنی کمیٹی بنا دی گئی ہے۔شیخ رشید احمد کمیٹی کے کنوینئر ہوں گے۔پاکستان میں وسیع تر اتحاد قائم کرنے کے لئے پروگرام تشکیل دیا گیا ہے،ختم نبوت،القدس ،کشمیر یا جو بھی مسئلہ ہو امت کو سب سے زیادہ اتحادکی ضرورت ہے۔ماڈل ٹاؤن میں چودہ انسانوں کو قتل کیا گیا تحریک قصاص میں دفاع پاکستان کونسل بھر پور ساتھ دے گی۔ان خیالات کا اظہار دفاع پاکستان کونسل کے چیئرمین مولانا سمیع الحق،جماعۃ الدعوۃ کے سربراہ پروفیسر حافظ محمد سعید،عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد،ملی یکجہتی کونسل کے صدرصاحبزاہ ابوالخیر زبیر،سابق وزیر اعظم آزاد کشمیرسردار عتیق احمد خان،عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور،انصار الامۃ کے امیرمولانا فضل الرحمان خلیل،مسلم لیگ (ق) کے سینئر نائب صدراجمل خان وزیر،پاکستان عوامی راج پارٹی کے صدر،رکن قومی اسمبلی جمشید احمد دستی،جماعۃ الدعوۃ کے مرکزی رہنما حافظ عبدالرحمان مکی،نظریہ پاکستان رابطہ کونسل کے چیئرمین محمد یعقوب شیخ،ملی مسلم لیگ کے صدرسیف اللہ خالد،جماعت اسلامی کے رہنما شمس الرحمان سواتی نے لال حویلی راولپنڈی میں دفاع پاکستان کونسل کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔مولانا سمیع الحق نے کہا کہ دفاع پاکستان کونسل کا بنیادی مقصد جغرافیائی،نظریاتی سرحدوں کا دفاع ہے۔ہم نے اسے سیاست سے بالا تر رکھا ہے۔تمام پاکستانیوں کو ساتھ لے کر چلتے ہیں۔اس وقت بیت المقدس کی شکل میں بہت بڑا چیلنج در پیش ہے۔اسرائیل نے اس پر جبری قبضہ کیا۔امریکی صدر ٹرمپ نے ہمارے قبلہ اول کو دارلحکومت بنانے کا اعلان کیا یہ امت مسلمہ کے لئے چیلنج ہے۔ہمارے حکمران سوئے ہوئے ہیں۔ترکی نے اجلاس بلا یا لیکن اسلامی ممالک کے سربراہوں نے دلچسپی نہیں لی۔انہوں نے کہا کہ ٹرمپ کے اس اعلان کو ٹھنڈے ہیٹوں برداشت کیا تو ان کی نظریں حرمین شریفین پر ہیں۔ایک سواٹھائیس ملکوں نے ٹرمپ کو تھپڑ رسید کیا پھر بھی اسے ہوش نہیں آیا۔عالمی پارلیمنٹ کے فیصلے کے بعد بھی ٹرپ کو شرم نہیں آئی۔انہوں نے کہا کہ انیس دسمبر کو لاہور میں مال روڈ پردفاع پاکستان کونسل نے تاریخی جلسہ کیا۔لیاقت باغ ،لال حویلی کا ہر تحریک میں حصہ رہا ہے ،یہاں سے جو تحریک شروع ہوتی ہے وہ عروج پر جاتی ہے۔آج جمعہ کو تحفظ بیت المقدس کانفرنس کے دو سیشن ہوں گے۔جمعہ سے پہلے کا سیشن کشمیر پر ہو گا۔خطبہ جمعہ امیر جماعۃ الدعوۃ پروفیسر حافظ محمد سعید دیں گے۔جمعہ کے بعد بیت المقدس پر گفتگو ہو گی۔انہو ں نے کہا کہ تحفظ ختم نبوت ہم سب کا فریضہ اور ایمان ہے۔بیرونی طاقتوں کے اشاروں پر حکمرانوں نے سازش کی۔تحفظ ختم نبوت کے لئے سب کچھ قربان کرنے کو تیار ہیں۔ماڈل ٹاؤن میں جو ظلم ہوا سب کے سامنے ہے ،چودہ انسانوں کو قتل کیا گیا۔کوئی ٹس سے مس نہیں ہوا،پرسوں لاہور میں اے پی سی ہے ہمارا وفد بھی اے پی سی میں شرکت کرے گا۔تحریک قصاص میں دفاع پاکستان کونسل مکمل ساتھ دے گی۔ہم قوم سے اپیل کرتے ہیں کہ ہمارا ساتھ دے۔محب وطن جماعتیں ہمارا ساتھ دیں،دفاع پاکستان کونسل کے پروگراموں میں شامل ہوں۔انہوں نے کہا کہ آج کے جلسہ سے جلسہ سے دنیا کو پیغام جائے گا کہ بیت المقدس،کشمیر اور ختم نبوت کے مسئلہ پر قوم ایک ہے۔ہم نے تمام سیاسی جماعتوں کو دعوت نامے بھیجے ہیں۔آج کے اجلاس میں ایک کمیٹی بنائی ہے جو تمام جماعتوں سے رابطے کرے گی۔شیخ رشیداحمد کمیٹی کے کنونیئر ہیں،خرم نواز گنڈا پور،اجمل وزیر،محمد یوسف شاہ،محمد یعقوب شیخ،صاحبزادہ ابوالخیر زبیر،سردار عتیق احمد خان پر مشتمل سات رکنی کمیٹی جماعتوں سے رابطے کرے گی اور تحریک چلائے گی۔انہوں نے کہا کہ سات جنوری کو پشاور مین دفاع پاکستان کونسل کے زیر اہتمام جلسہ ہوگا جس میں انضمام قبائل کا مسئلہ بھی اٹھائیں گے۔قبائل کے جذبا ت ہیں کہ الیکشن سے قبل انضمام کیا جائے۔بارہ جنوری کو فیصل آباد میں کانفرنس،تیرہ جنوری کو آل پارٹیز کانفرنس لاہورمیں ہو گی۔اکیس جنوری کو ملتان،اٹھائیس جنوری کو کراچی اور چار فروری کو اسلام آباد،پانچ فروری کو مظفر آباد میں بڑا پروگرام ہو گا۔حافظ محمد سعید نے کہا کہ پاکستان میں وسیع تر اتحاد قائم کرنے کے لئے پروگرام تشکیل دیا گیا ہے،القدس،ختم نبوت،کشمیر کا یا جو بھی مسئلہ ہو امت کو سب سے زیادہ اتحادکی ضرورت ہے۔آج جو کمیٹی تشکیل دی گئی ہے یہ بہت اہم کام کرے گی۔عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ دفاع پاکستان کونسل کی آج میزبانی لال حویلی کے پاس تھی،آج جمعہ کو لیاقت باغ میں جلوس لال حویلی سے جائے گا ۔لیاقت باغ کا جلسہ تاریخی جلسہ ہو گا۔راشد شفیق کی قیادت میں عوامی مسلم لیگ کا جلوس جائے گا۔جمعہ لیاقت باغ میں پڑھیں گے۔اہلیان پنڈی سے اپیل کرتا ہوں کہ تحفظ بیت المقدس کانفرنس کو کامیاب بنائیں۔ابوالخیر زبیر نے کہا کہ شیخ رشید احمد نے ختم نبوت کا مسئلہ اٹھا کر قوم کے دل جیت لیئے،سازشیں کرنے والوں کو بے نقاب کرنے کے لئے تیار نہیں۔ختم نبوت کا مسئلہ ہو گا اور کوئی سازش کامیاب نہیں ہو گی۔سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ تحریک ختم نبوت کی بنیاد شیخ رشید اھمد نے اسمبلی میں رکھی ،یہ مجاہد ختم نبوت ہیں۔ماڈل ٹاؤن کے قصاص کی تحریک ہو یا دیگر پروگرام دفاع پاکستا ن کونسل بھر پور کردار اد ا کرے گی۔خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ ناموس رسالت اور تحفظ ختم نبوت کا مسئلہ سب سے اہم ہے۔مولانا فضل الرحمان خلیل نے کہا کہ دفاع پاکستان کونسل نے مشکل وقت میں میدانوں میں نکل کر کردار ادا کیا۔اب بھی کامیابی ہماری قدم چومے گی۔جمشید احمد دستی نے کہا کہ پاکستان عوامی راج پارٹی دفاع پاکستان کونسل کے فیصلوں کی تائید کرتی ہے۔اجمل خان وزیر نے کہا کہ دفاع پاکستان کونسل کے فیصلوں پر عملدرآمد ہو گا۔حافظ عبدالرحمان مکی نے کہا کہ دفاع پاکستان کونسل،جماعۃ الدعوۃ کی جانب سے شیخ رشید احمد کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔محمد یعقوب شیخ نے کہا کہ شیخ رشید احمد پہلے فرزندپاکستان تھے اب مجاہد ختم نبوت ہیں۔دفاع پاکستان کونسل کے ملک بھر میں پروگرام ہوں گے۔شمس الرحمان سواتی نے کہا کہ ختم نبوت ہمارے ایمان کا مسئلہ ہے اور یہی ہماری سیاست ہے،فیصلہ ہو جانا چاہئے کہ کون ختم نبوت کا محافظ ہے اور کون نہیں؟سازشیں کرنے والوں کو بے نقاب کیا جائے۔

About Editor

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

*